*دارالعلوم انوارمصطفیٰ میں ایک ناصحانہ مجلس*
*__________________________________*
*علم کے ساتھ عمل اور تحصیل علم کے لیے اساتذہ کا ادب ضروری:مولانا محمدحنیف خان رضوی شیرانی*
*__________________________________*
۶جنوری ۲۰۲۲ عیسوی بروز جمعرات سنی تبلیغی جماعت شیرانی آباد کے سربراہ اعلیٰ ناشرمسلک اعلیٰ حضرت خلیفۂ حضورتاج الشریعہ وحضور امین ملّت حضرت علّامہ مولانا محمّد حنیف خان رضوی و مبلغ دین وسنّیت عالم باعمل حضرت مولاناپیار محمدرضوی نگرانِ مکاتب:سنّی تبلیغی جماعت باسنی کی راجستھان کی عظیم وممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف میں آمد ہوئی-اس موقع پر بعد نماز ظہر ایک مختصر مجلس رکھی گئی جس میں اوّلاً دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف کے ناظم تعلیمات حضرت مولانامحمدشمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے اساتذہ وطلبہ کے سامنے اپنے ان دونوں مہمانوں کا تعارف پیش کرنے کے ساتھ سنّی تبلیغی جماعت کی خدمات سے بھی لوگوں کو روشناش کرایا-بعدہ یکے بعد دیگرے دونوں حضرات نے دارالعلوم کے طلبہ کو اپنی نصیحتوں سے نوازا-مولانا پیار محمدصاحب رضوی نے اپنے ناصحانہ خطاب میں طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ لوگ خوش نصیب ہیں کہ آپ حضرات کو ایک ہی جگہ دینی تعلیم کے حصول کے ساتھ عصری تعلیم سے آراستہ ہونے کابھی موقع مل رہا ہے-لہٰذا آپ حضرات خوب محنت کے ساتھ دینی وعصری علوم کی تحصیل میں اپنے آپ کو مصروف رکھیں اور جب سال آئندہ دارالعلوم تشریف لائیں تو آپ حضرات اپنے کسی بھائی یارشتہ دار کے بچے کودینی تعلیم کی جانب رغبت دلاکر اور ان کے ذمہ داروں کو یہ بتا کر کہ ہمارے دارالعلوم میں دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کابھی انتظام ہے دارالعلوم میں داخلہ کروائیں،کیونکہ جب زیادہ سے زیادہ علماء کی جماعت تیار ہوگی توان کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ دین وسنّیت کی خدمات ہوں گی -جب کہ سنّی تبلیغی جماعت شیرانی آباد کے سربراہ اعلیٰ حضرت علّامہ ومولانا محمّدحنیف خان صاحب رضوی نے اساتذہ وطلبہ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ یقیناً ریت کے ان دھوروں کے درمیان دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف ودیگر سنّی اداروں کی تعلیمی وتدریسی، دینی ومذہبی خدمات بہت ہی مستحسن اور عمدہ ہیں، اور ان اداروں کے مدرسین ومعاونین وذمہ داران لائق صدستائش ہیں کہ اس طرح کے پریشان کن سنگلاخ علاقے میں دین وسنّیت کی خدمات انجام دے رہے ہیں- اور آپ نے دارالعلوم کے طلبہ کو مخاطب کرکے ارشادفرمایا کہ آپ لوگ اپنے اسباق یاد کرنے کےبعد حصولِ فیضان کے لیے یہاں آرام فرما مشائخ وبزرگانِ دین کے آستانوں پر برابر حاضری دیتے رہیں اور جب اپنے اس مادرعلمی سے فارغ ہو کر کہیں بھی دین وسنّیت کی خدمات کے لیے جائیں تو اپنے مادرعلمی کو ہرگز ہرگز فراموش نہ کریں،بلکہ ہر مکمن اس سے لگاؤ رکھیں اور اس کا تعاون کرنے اور کرانے کی کوشش کریں،اور علم کے حصول کے ساتھ اس پر عمل کی بھر پور کوشش کریں اس لیے کہ علم بغیر عمل کے بےکار ہے،اور اپنے اساتذہ کا ادب ہمیشہ ملحوظ رکھیں،کیونکہ ہم نے دیکھاہے کہ جن طلبہ نے بھی اپنے اساتذہ کا کماحقہ ادب کیا وہ ضرور کامیاب ہوگیے-
★ادب تعلیم کا جوہر ہے زیور ہے جوانی کا
★وہی شاگرد ہیں جو خدمتِ استاد کرتے ہیں
آپ نے دارالعلوم انوارمصطفیٰ کی حسنِ کارکردگی پر دارالعلوم کے ذمہ داران،واساتذہ کی تحسین فرمائی-
قلّت وقت کی وجہ سے جلد ہی آپ کی دعا پر یہ مجلس اختتام پزیر ہوئی-
اس مجلس میں دارالعلوم کے اکثر اساتذہ وسبھی طلبہ شریک ہوئے-

*رپورٹر:(مولانا)جمال الدین قادری انواری!*
*نائب صدر:دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف،باڑمیر(راجستھان)*