دارالعلوم رضائے مصطفیٰ چاند نگر کوسہ ممبرا کے دو اور ہونہار طالب علم نے ایک ہی نشست میں مکمل قرآن پاک سنانے کا شرف حاصل کیا
________________________________

[ممبرا،ممبئی،پریس ریلیز]
اس خاندان گیتی پر سیکڑوں انسان بستے ہیں اور اپنی متعینہ زندگی گزار کر دار بقا کی طرف کوچ کر جاتے ہیں۔ بیشتر انسان اپنے مقصد کو فراموش کرکے دنیا کو پانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں اور از صبح تا شام لہو و لعب میں مصروف ہوکر اپنا قیمتی وقت ضائع کردیتے ہیں انہیں ذرہ برابر احساس نہیں ہوتا کہ گزرا ہوا وقت دو بارہ واپس نہیں آئے گا۔
مگر اسی نیلگوں آسمان تلے اللّٰہ تعالیٰ کے کچھ ایسے بندے بھی بستے ہیں جو اس کی رضا کے حصول کے لیے حتی المقدور کوشش کرتے ہیں اور اپنا قیمتی وقت کار خیر میں صرف کرنے کی سعی کرتے ہیں۔ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اللہ تعالیٰ کے مقدس کلام کو حفظ کرکے خود کو شریعت مطہرہ کے اصول پر عمل پیرا کرنے کی جہد مسلسل کرتے ہیں۔
23/دسمبر 2022 ء بروز جمعہ صبح کے وقت عزیزم حافظ و قاری مولانا محمد شریف القادری اشفاقی بہرائچی صاحب نے یہ فرحت بخش خبر سنائی کہ ” 24 اور 25 / دسمبر 2022 بروز سنیچر و اتوار کو ہمدرد قوم وملت حضرت حافظ وقاری الحاج باب السلام قادری صاحب قبلہ کی سرپرستی اور اس حضرت حافظ وقاری محمد شریف قادری کی صدارت ونگرانی میں دارالعلوم رضائے مصطفیٰ چاند نگر کوسہ ممبرا کے دو طالب علم حافظ نور عالم بن نور الدین ساکن سَرَائے قَاضِی ، گَجادَھر پور ، بہرائچ شریف یوپی۔
اوردوسرے حافظ محمد ذیشان بن امیر احمد ساکن سَرَائے قَاضِی گَجَادَھر پور بہرائچ شریف یوپی۔24/ 25/ دسمبر 2022 ء بروز ہفتہ اور اتوار کو صبح 7 / بجے سے اساتذہ کرام کی موجودگی میں قرآن مقدس سنانا شروع کئے اور شام 5 / بجے تک مکمل قرآن پاک زبانی سنا کر فارغ ہوگئے ۔
یقیناً یہ وہ نورانی سعادت ہے جس کے مد مقابل تمام لطف و کرم اور سعادتیں ثانوی درجہ رکھتی ہیں۔
قرآن مجید کی یہ جلالت شان ہے کہ جس کی عظمت و شوکت پہاڑ نہ برداشت کر سکے آج نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی امت کے ہونہار بچے اپنے سینوں میں بسا لیے ۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’ اگر ہم یہ قرآن کسی پہاڑ پر اُتارتے تو ضرور تو اُسے دیکھتا جھکا ہوا پاش پاش ہوتا اللہ کے خوف سے اور یہ مثالیں لوگوں کے لیے ہم بیان فرماتے ہیں کہ وہ سوچیں ۔‘‘ ( الحشر:21)
یعنی قرآنِ مجید کی عظمت و شان ایسی ہے کہ اگر ہم اسے کسی پہاڑ پر اتارتے اور اُس کو انسان کی سی تمیز عطا کرتے تو انتہائی سخت اور مضبوط ہونے کے باوجود تم اسے ضرورجھکا ہوا اور اللّٰہ تعالیٰ کے خوف سے پاش پاش دیکھتے ،ہم یہ اور اس جیسی دیگر مثالیں لوگوں کے لیے بیان فرماتے ہیں تاکہ وہ سوچیں (اور خیال کریں کہ جب ہم اشرف المخلوقات ہیں تو چاہیے کہ ہمارے اعمال بھی اشرف و اعلیٰ ہوں۔) (مدارک، الحشر، تحت الآیۃ: ۲۱، ص۱۲۲۸، خازن، الحشر، تحت الآیۃ: ۲۱، ۴ / ۲۵۳، ملتقطاً).
اس آیت سے اشارۃً معلوم ہوا کہ حضورِ انور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا قلب شریف پہاڑسے زیادہ قو ی اور مضبوط ہے کیونکہ آپ کو اللّٰہ تعالیٰ کا خوف اور اَسرارِ الٰہی سے واقفیت کامل طریقے سے حاصل ہونے کے باوجود آپ اپنے مقام پر قائم ہیں ۔(صراط الجنان)
بڑے مبارکباد کے لائق ہیں استاذ الحفاظ والقراءحضرت مولانا حافظ و قاری محمد شریف القادری اشفاقی بہرائچی صاحب قبلہ کہ آپ بڑی محنت اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھا رہےہیں آج اسی محنت کا نتیجہ ہے کہ آپ کی درسگاہ سے فیض یافتہ بچے ایک ہی نشست میں مکمل قرآن پاک سنانے کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔
مذکورہ خیالات کا اظہار دارالعلوم امجدیہ ناگپور کے لائق وفائق استاذ حضرت مولانا عبدالجبار صاحب علیمی ثقافی نے اس بابرکت موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا-
واقعی یہ دارالعلوم رضائے مصطفیٰ چاند نگر کوسہ ممبرا تھانے ممبٸی (مہاراشٹرا) کے سربراہ اعلیٰ حافظ وقاری الحاج باب السلام صاحب قادری کے خلوص و للہیت کا نتیجہ ہی ہے کہ یہ دارالعلوم پورے صوبہ مہاراشٹر میں تعلیم و تعلم کی حیثیت سے انفرادیت کا درجہ رکھتا ہے ۔ساتھ ہی ساتھ اس کے مخلص اساتذہ کرام کی خلوص کا بھی نتیجہ ہے کہ اس پر فتن اور نازک دور میں جہاں لوگ تعلیم و تعلم سے دن بدن دور ہوتے جا رہے ہیں اور موبائل کی مصروفیت نسل انسانی کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے بڑی جد و جہد کے ساتھ بچوں کی تربیت اور تعلیم و تعلم میں بہتری لانے کی سعی پیہم کر رہے ہیں۔ یقیناً ایسے اساتذہ کا انتخاب ایک خوش آئند اقدام ہے جو دارالعلوم کی ترقی کا ضامن ہے ۔
واضح رہے کہ اس محفل میں حضرت مولانا محمد ضمیر خان سبحانی و حضرت قاری معروف خان و حضرت مفتی سجاد عالم امجدی و حضرت قاری محمد سعود رضا صاحبان و دیگر اساتذہ و طلبہ کی موجودگی میں دونوں طلبہ نے ایک ہی نشست میں مکمل قرآن پاک سنانے کی سعادت حاصل کی ”
دعا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ اپنے محبوب صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ وسلم کے صدقے میں دارالعلوم رضائے مصطفیٰ کو روز افزوں ترقی عطا فرمائے اور اساتذہ کرام کو خلوص و للہیت کے ساتھ دین متین کی خدمت کرنے کا جذبہ عطا فرمائے ساتھ ہی ساتھ حافظ نور عالم و حافظ محمد ذیشان سلمہ کو کامیابی و کامرانی عطا فرمائے۔

رپورٹ:محمد فیروز قادری متعلم: دارالعلوم رضائے مصطفیٰ چاندنگر،کوسہ،ممبرا،ممبئی (مہاراشٹر)